اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)ملک کے مختلف علاقوں میں ایک نیا موسمی نظام داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث کئی شہروں اور بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، قلعہ عبداللہ اور پشین میں بارش جاری ہے، جبکہ کوژک ٹاپ، شیلا باغ اور لوئی بند جیسے بلند مقامات پر برفباری شروع ہو گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے 2 سے 4 فروری کے دوران گلگت بلتستان، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بارش کی توقع ظاہر کی ہے، اور بعض پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان بھی موجود ہے۔
پنجاب کے اضلاع مری، گلیات، ملتان، جھنگ، سرگودھا اور فیصل آباد میں بھی ہلکی بارش متوقع ہے۔ اسی طرح چترال، دیر، کوہستان، سوات اور کالام میں بھی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ ایبٹ آباد اور نواحی علاقوں میں بھی آج سے بارش متوقع ہے۔
مقامی حکام نے شہریوں اور سیاحوں کو شدید سردی اور برفباری کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔