اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کے بعد ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے۔ 3 لاکھ 27 ہزار کیوسک کا ریلا گزرنے سے قریبی کئی دیہات زیرِ آب آگئے۔
دریائے چناب میں بھی شدید طغیانی نے ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا کو لپیٹ میں لے لیا، جہاں سو سے زائد بستیاں ڈوب گئیں۔ متاثرہ علاقوں میں ہیلی کاپٹرز اور کشتیوں کے ذریعے ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ ہزاروں افراد محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کر گئے ہیں۔
سیلابی پانی شہر کے بند تک جا پہنچا جس کے باعث ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے وہاڑی پل بند کو توڑ دیا گیا تاکہ شہر کو بچایا جا سکے۔ حکام کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹے نہایت اہم ہیں۔ مساجد سے بھی بار بار اعلانات کیے جا رہے ہیں کہ شہری فوری طور پر علاقے خالی کر دیں۔
لیاقت پور کے 35 دیہات بھی ریلے کی زد میں آکر ڈوب گئے، جبکہ جلال پور پیر والا میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے سیلاب متاثرین کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ دریائے ستلج میں عارف والا کے مقام پر صورتحال اب بھی تشویشناک ہے۔
ٹبی لال بیگ کے قریب متاثرین نے سڑک پر کٹ لگایا جس سے پانی کا بہاؤ تیزی سے عارف والا بہاولنگر روڈ کی طرف بڑھ گیا۔ جلالپور پیر والا کے قریب 4 افراد ڈوب گئے، جن میں سے ایک 16 سالہ لڑکے اور 15 سالہ لڑکی کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ باقی دو افراد کی تلاش جاری ہے۔
ترنڈہ محمد پناہ میں ریسکیو آپریشن کے دوران کشتی الٹنے سے 2 خواتین جاں بحق ہو گئیں اور 4 بچے لاپتہ ہوگئے۔