اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے صدارتی امیدوار کی نامزدگی قبول کر لی ہے، ملواکی میں منعقدہ ریپبلکن کنونشن میں اپنے پہلے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ "میں امید کا پیغام لے کر سب کے سامنے کھڑا ہوں، ہمیں امریکی معاشرے کی تقسیم کو ختم کرنا چاہیے، مل کر ہم ترقی اور آزادی کے نئے دور کا آغاز کر سکتے ہیں۔ ” انہوں نے کہا کہ میں صدارتی الیکشن تمام امریکیوں کے لیے لڑ رہا ہوں، میری جیت آدھے امریکا کی نہیں ہوگی، ہم امریکا کو ایک ملک بنائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم متحد ہیں، ہمارے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں آ سکتی، ہم جھکنے والے نہیں ہیں۔
سابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں قاتلانہ حملے سے بال بال بچ گیا، گولی ایک انچ بھی قریب سے لگتی تو میں مر جاتا، گولیاں سر کے اوپر سے گزر رہی تھیں لیکن کوئی چیز مجھے اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکرٹ سروس نے خود کو خطرے میں ڈال کر مجھے بچایا اور اللہ کے فضل سے میں آج آپ کے سامنے کھڑا ہوں، ایک افسوسناک واقعے میں ایک محب وطن امریکی مارا گیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر ڈیموکریٹس امریکہ کو متحد کرنا چاہتے ہیں تو انہیں متعصب ہونا بند کرنا ہوگا، ڈیموکریٹ نظام انصاف کو ہتھیار بنانا بند کرنا ہوگا اور سیاسی مخالفین کو جمہوریت کا دشمن قرار دینا بند کرنا ہوگا۔