اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن اور سینئر سیاستدان عبدالعلیم خان نے کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت کی تردید کی ہے۔
گزشتہ روز اطلاعات تھیں کہ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان نے الگ سیاسی جماعت بنانے کی تیاری کر لی ہے، امکان ہے کہ وسطی اور جنوبی پنجاب کے اہم سیاستدان نئی سیاسی جماعت میں شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق نئی سیاسی جماعت بنانے کے لیے علیم خان، جہانگیر ترین اور چوہدری سرور گروپ کے اراکین سے رابطے کیے گئے ہیں۔
تاہم اب اس حوالے سے علیم خان کا بیان سامنے آیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ نئی سیاسی جماعت بنانے میں میری شمولیت سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں، میں کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے والا نہیں۔
علیم خان کا کہنا ہے کہ چوہدری سرور اور جہانگیر ترین سے اچھے تعلقات ہیں، لیکن سیاست کا کوئی ارادہ نہیں، اب تمام تر توجہ فلاحی کاموں پر مرکوز ہے، سیاسی معاملات سے دور رہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ نہ تو کسی سیاسی جماعت کا حصہ ہیں اور نہ ہی بننے کا ارادہ رکھتے ہیں، بلا امتیاز خدمت اور فلاحی کاموں کے لیے فانڈیشن کی سرپرستی کر رہے ہیں اور اس وقت سیاست میں سرگرم ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔