اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ وہ کوئی پریس کانفرنس نہیں کریں گے۔کمرہ عدالت میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ اس سارے فساد کی جڑ محسن نقوی ہیں اور وہ ظلم کر رہے ہیں۔ میں نے کسی کے خلاف کوئی سیاسی کیس نہیں بنایا۔
پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ برا کام کر رہے ہیں اور برے کاموں کو بھگتیں گے۔ پی ٹی آئی میں ہوں اور پی ٹی آئی میں رہوں گا اور کوئی پریس کانفرنس نہیں کروں گا۔ پی ٹی آئی ورکرز کو پیغام دیتا ہوں پیچھے نہ ہٹو، لڑو، تم ٹھیک کہتے ہو۔
دوسری جانب ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے کیس میں پرویز الٰہی کو لاہور کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں
پرویز الٰہی کی گرفتاری کےبعد ان کےبیٹے مونس الٰہی نے ردعمل جاری کر دیا
اینٹی کرپشن کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کے دوران درخواست گزار نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی اور موقف اختیار کیا گیا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال کیا گیااور خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔ یاد رہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کو گزشتہ روز ایک مبینہ کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔