اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں ہمیشہ دعا کرتا ہوں کہ دشمن بھی کبھی نیب کی سزا کے کمرے میں نہ جائے۔لاہور میں باب پاکستان کی تعمیر اور والٹن روڈ کے توسیعی منصوبے کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خاطر کروڑوں لوگوں نے قربانیاں دیں، یہ تاریخی مقام والٹن بھارت سے ہجرت کرنے والے پاکستانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ باب پاکستان کے مقام پر ہزاروں مہاجرین نے قیام کیا تھا، باب پاکستان کا منصوبہ دنیا کو قیام پاکستان کی تاریخ بتائے گا، 1991 میں نواز شریف نے باب پاکستان منصوبے پر کام شروع کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود کھنڈرات وہیں ہیں، باب پاکستان منصوبے کو ظلم اور بے رحمی سے تباہ کیا گیا، منصوبے میں مقامی پتھر استعمال کرنے کا کہا، گرینائٹ کی مالیت 20 کروڑ روپے ہے۔ اس پر پابندی لگائی گئی، اربوں روپے کا غبن کیا گیا، نیب نے ایک بار بھی کسی کو نہیں بلایا، نظام بدلنے تک ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ کوئی نیب کی جیل میں نہ جائے کیونکہ ماضی میں وہاں ناانصافی ہوئی اور انصاف کا قتل عام ہوا۔ اس منصوبے میں اربوں روپے کا غبن کیا گیا یہ وہ دوہرے معیار ہیں جنہوں نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا
شہباز شریف نے کہا کہ این ایل سی کے چیئرمین سے پوری امید ہے کہ وہ اپنی تمام تر کوششوں سے اس منصوبے کو مکمل کریں گے، انتظامیہ اور متعلقہ محکمے اسے مکمل کرنے کے لیے دن رات کام کریں گے، یہ 10 یا 15 سال کی تاخیر نہیں ہے۔ یہ 20 یا 25 سال کی تاخیر ہے، ہار ماننے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، مشکلات آئیں گی، مل کر مشکلات کا سامنا کریں گے تو ان پر ضرور قابو پا لیں گے، ہم نے یہاں اسکول بنائے لیکن اصل منصوبہ التوا کا شکار رہا۔