188
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ میرے ساتھ زیادتی ہوئی، انشاء اللہ سچ کی فتح ہوگی، ہم عمران خان کے ساتھ ہیں۔
گرفتاری کے بعد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے ظلم اور بربریت کا مظاہرہ کیا، 100، 200 مسلح افراد میرے گھر میں داخل ہوئے، میرے ملازمین کو زدوکوب کیا اور میرے گھر کی تلاشی لی۔ .
سابق وفاقی وزیر نے موقف اختیار کیا کہ یہ سب بدمعاش لوگ ہیں، زبردستی سیڑھی لگا کر میرے گھر میں داخل ہوئے، مجھے زبردستی گاڑی میں ڈالا، ایس ایچ او نواز لیگ کا ٹاؤٹ ہے، نواز لیگ نے اسے یہاں تعینات کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ یہ سب کام کررہے ہیں، انشاء اللہ حق کی فتح ہوگی، ہم عمران خان کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کو سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف درج مقدمے میں گرفتار کر کے تھانہ آبپارہ منتقل کر دیا گیا ہے۔