اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) فیلڈ مارشل اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خبردار کیا ہے کہ نیوکلیئر ماحول میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کسی جنگ کی گنجائش نہیں، بھارتی فوجی قیادت ہوش سے کام لے اور مسائل کا حل برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر تلاش کرے۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ قوم نے “آپریشن بنیان مرصوص” کے دوران فولاد کی طرح اپنی فوج کا ساتھ دیا، اور اس آپریشن نے قوم کا فوج پر اعتماد مزید مضبوط کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی بے بنیاد الزام تراشی کے باوجود افواجِ پاکستان نے دشمن کے خلاف مؤثر کارروائیاں کیں، رافیل طیارے مار گرائے، ایس-400 سمیت متعدد دشمن بیسز کو نشانہ بنایا اور ملٹی ڈومین وارفیئر کی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کا دفاعی نظریہ "کریڈیبل ڈیٹرنس” پر مبنی ہے، دشمن کو دوبارہ جارحیت کی صورت میں توقعات سے بڑھ کر جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی اشتعال انگیزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، اور جنگ کی صورت میں بھارت کو فوجی و اقتصادی سطح پر شدید نقصان اٹھانا پڑے گا۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے خطے اور عالمی سطح پر امن کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ اس دوستی کو مزید مضبوط بناتا ہے، جبکہ چین، امریکا اور دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات بھی مزید بہتر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا مؤقف اٹل ہے اور کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رہے گی۔فیلڈ مارشل نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان پراکسی گروپس کے خلاف کارروائی کرے جو افغان سرزمین کو پاکستان پر حملوں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے آخر میں کہا کہ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاک فوج ہر محاذ پر چوکس ہے اور پاکستان کا پرچم ہمیشہ بلند رہے گا۔تقریب کے اختتام پر فیلڈ مارشل نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو اعزازات سے نوازا۔