اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کینیڈا پر ناجائز ٹیرف لگائے گئے تو سخت جواب دیں گے۔
جسٹن ٹروڈو نے ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا پر متوقع نئے تجارتی ٹیرف کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ 4 مارچ سے کینیڈا پر ناجائز ٹیرف عائد کرتا ہے تو ہماری حکومت فوری اور بھرپور جواب دے گی۔انہوں نے کہا کہ کینیڈا نے سرحدی سکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے 1.3 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی ہے، جس میں بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز، ڈرونز اور 10000 سرحدی محافظ شامل ہیں تاکہ سمگلنگ کو روکا جا سکے۔
ٹروڈو کا کہنا ہے کہ میں کئی ماہ سے کہہ رہا ہوں کہ جو فینٹانائل منشیات امریکہ پہنچ رہی ہے، اس کا ایک فیصد سے بھی کم حصہ کینیڈا سے آ رہا ہے، لیکن ہم جانتے ہیں کہ ہمیں اسے مزید کم کرنا ہے، اسی لئے ہم نے اپنی سرحدی نگرانی کو مزید سخت کر دیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ہم کینیڈا اور میکسیکو سے درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف عائد کریں گے، یہ اقدامات منشیات کی سمگلنگ کو روکنے کے لیے کیے جا رہے ہیں، خاص طور پر فینٹانائل نامی خطرناک نشہ آور دوا کی روک تھام کے لئے ۔ٹرمپ نے کہا کہ چین سے آنے والی درآمدات پر بھی 10 فیصد اضافی ٹیرف لگایا جائے گا، جو کہ پہلے سے موجود ٹیرف میں دگنا اضافہ ہو گا۔