اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ اگر آج کسی کو صرف عمران خان کا پیغام پہنچانے پر مجرم بنایا جا رہا ہے تو پھر آنے والے دنوں میں پوری قوم کو بھی ملزم قرار دینا پڑے گا۔
اسلام آباد کی کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ کل جس شخص کی بات کسی کو پسند نہیں آئے گی، اس کے خلاف مقدمہ درج کر دیا جائے گا۔ بتایا جائے کہ میڈیا سے گفتگو میں کون سی دہشت گردی پوشیدہ ہے؟ ہم نے اسی آئینی نکتے پر عدالت سے رجوع کیا ہے۔”
انہوں نے وضاحت کی کہ ان پر کسی ہنگامے کا نہیں بلکہ عمران خان کا پیغام پہنچانے کا الزام لگایا گیا ہے۔ "میں نے صرف 10 سے 15 صحافیوں اور یوٹیوبرز کو عمران خان کا پیغام دیا، جسے میڈیا نے آگے عوام تک پہنچایا۔ اگر یہی جرم ہے تو پھر میڈیا کو بھی میرے ساتھ ملزم بنانا چاہیے۔”
علیمہ خان نے مزید کہا کہ ان کی اولین ترجیح عمران خان اور ان کے قانونی معاملات ہیں ہم جیل میں ملاقات اور ٹرائل کے لیے جاتے ہیں تو ہمارے وارنٹ جاری کر دیے جاتے ہیں۔ یہ ظلم اور دباؤ کی فضا ہم عدالت کے ذریعے ختم کروائیں گے کیونکہ آئین ہر شہری کو آزادی اظہار رائے کا حق دیتا ہے۔”
ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف 60 سے زائد مقدمات بنائے جا چکے ہیں کبھی پنڈی سے تو کبھی اسلام آباد سے وارنٹ نکل آتے ہیں۔ لیکن ہم اس خوف کے ماحول کو ختم کر کے رہیں گے — ہم ڈرنے والے نہیں۔”