اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کو انتخابات میں موقع ملا تو اگلے 10 سالوں میں ملک معاشی میدان میں بھارت کو پیچھے چھوڑ دیںگے ۔ اب بات کرنے کا نہیں عمل اور کام کا وقت ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج طویل عرصے بعد فیصل آباد آیا ہوں، خوشی ہے کہ فیصل آباد کے عوام کا جذبہ جوان ہے، الیکشن آرہے ہیں، 2018 میں آبشار تھی، دھاندلی کے ذریعے بہروپیوں کو کامیاب کروایا گیا، بہروپیوں کو ووٹ کی عزت کی طاقت سے شکست دینا ہوگی ۔انہوں نے کہا ہے کہ جے یو آئی کا (ن) لیگ سے فطری تعلق ہے جو آئندہ بھی جاری رہے گا۔ پچھلی حکومت نے منصوبوں میں ایک اینٹ بھی نہیں ڈالی۔ وہ 4 سال تک معاشرے میں دن رات زہر گھولتے رہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی دن رات چور چور کہتے رہے، وہ کہتے تھے کہ 3 ماہ میں 300 ارب ڈالر پاکستان لے آئیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ 2013 سے 2018 تک ترقی کا سفر تھا، نواز شریف کو بے بنیاد الزامات لگا کر دھکیلا گیا، ثاقب نثار سازشی گروپ کے سرغنہ تھے، نواز شریف کو سازش کے ذریعے نااہل کیا گیا، نواز شریف کا نام پاناما میں نہیں تھا، وقت آئے گا جب چیئرمین پی ٹی آئی اپنا مکروہ چہرہ دکھا دیں گے
انہوں نے مزید کہا ہے کہ 201 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ اگلا الیکشن ہونے جا رہا ہے۔ ووٹوں کے ذریعے اسلام آباد پہنچنے والی حکومت کو عزت دیں گے۔ اگر ہمیں موقع دیا گیا تو نواز شریف ہمارے وزیراعظم ہوں گے۔ میں ایک کارکن کی طرح دن رات خدمت کروں گا۔