اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان ایران گیس منصوبہ ، ایران نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ 2024 تک اپنی سرزمین پر ایران پاکستان (آئی پی) گیس لائن منصوبے کا ایک حصہ مکمل کرے یا جرمانے کا سامنا کرے۔
وزارت توانائی کے ایک سینئر اہلکار کے مطابق تہران کا دورہ کرنے والے پاکستانی حکام کے وفد کو بھی تین ہفتے قبل اس بارے میں آگاہ کر دیا گیا تھا ۔
ایران کا مطالبہ ہے کہ پاکستان مارچ 2024 تک اپنی سرزمین پر آئی پی گیس لائن منصوبے کا ایک حصہ تعمیر کرے۔ اگر پاکستان گیس لائن منصوبے کی تعمیر میں ناکام رہا تو 18 ارب ڈالر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
یا درہے پاکستان نے ایران سے قدرتی گیس کے حصول کے لیے تین سال قبل گیس پائپ لائن کی تعمیر شروع کی تھی لیکن ایران پر عائد عالمی اقتصادی پابندیوں کے باعث یہ کام زیادہ دیر تک جاری نہیں رہ سکا۔پاکستان میں قدرتی گیس کے بحران کے حل کے لیے اس گیس منصوبے کو بہت اہمیت دی جا رہی ہے۔
اس منصوبے کے لیے دس سال قبل طے پانے والے معاہدے میں ابتدائی طور پر بھارت کو شامل کیا گیا تھا تاہم بعد میں ایران پر بین الاقوامی پابندیوں کی وجہ سے بھارت اس منصوبے سے دستبردار ہو گیا۔