اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ غلط معاہدوں کی وجہ سے بجلی کی قیمتیں دن بدن بڑھ رہی ہیں اور ہم بجلی کا رونا رو رہے تھے کہ ہم پر پیٹرول بم استعمال کیا گیا۔
راولپنڈی میں گرینڈ یوتھ کنونشن سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں 16 قسم کے ٹیکس لگائے گئے ہیں، پاکستان کی سیاست اور معیشت آئی ایم ایف کی مقروض ہے، 13 جماعتی اتحاد پی ڈی ایم نے عوام کو غلام بنا دیا ہے۔ آئی ایم ایف کی غلامی کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اشرافیہ 500 ارب سے زائد کی مفت بجلی استعمال کرتی ہے، عوام خاموش رہے تو مستقبل میں سانس لینے کے لیے ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کو تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے، عالمی اداروں کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 90 لاکھ نوجوان منشیات فروش ہیں اور 80 لاکھ لوگ پاکستان چھوڑ چکے ہیں۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ پانچ سال حکومت کرنے والی جماعتوں نے ملک کا امن تباہ کر دیا، ملک میں ڈاکو راج ہے، بلوچستان اور کے پی میں امن و امان کی صورتحال بدترین ہے
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ زرداری کا مسئلہ بلاول اور نواز شریف کا مسئلہ مریم کو وزیراعظم بنانا ہے، حکمرانوں کے بینک اکاؤنٹس میں اضافہ اور عوام سر درد کی گولی کو ترس رہے ہیں، حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔ چینی کی قیمت 180 روپے تک پہنچ گئی، وقت آگیا ہے کہ عوام چور حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔