اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان کے سابق اسٹا ر کرکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی میں دوسرا موقع ملا تو اس کے بارے میں ضرور سوچیں گے۔ بابر اعظم اس وقت دنیا کے بہترین بلے باز ہیں، ان کی صلاحیتیں وقت کے ساتھ ساتھ بہتر ہوں گی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے دور کے عظیم بلے باز اور سابق چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل نے بہت سے اچھے کھلاڑی پیدا کیے ہیں۔
ہمارے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کھلاڑیوں سے سیکھنے کو ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اس وقت دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں تاہم سیکھنے کا عمل زندگی بھر جاری رہتا ہے ، بابر اعظم ہر فارمیٹ میں نمبر ون کھلاڑی ہیں۔ بابر اعظم کی کارکردگی وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بہتر ہوتی جارہی ہے۔
بابر اعظم کے ساتھ کام کرنا میرے لیے اچھا تجربہ ہوگا۔انضمام الحق نے کہا کہ پشاور زلمی کے ساتھ رہ کر ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے کی کوشش کروں گا۔ میں ذمہ داریوں سے پوری طرح لطف اندوز ہو رہا ہوں۔ ہمارے دور کی کرکٹ الگ تھی۔ کاش ہمارے دور میں بھی کوئی لیگ ہوتی۔
ہمیں ایسے کھلاڑیوں کی ضرورت ہے جو جدید کرکٹ کھیل سکیں۔ کرکٹ میں جدت آرہی ہے جس میں تیز کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔ اب سوچ بدلنے کی ضرورت ہے تاکہ موجودہ کرکٹ کو جدید انداز میں کھیلا جا سکے۔