اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری دفاع نے 30 اپریل کو ہونے والے الیکشن کے لیے فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کر لی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن میں ہونے والے مختلف اجلاسوں کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نے 30 اپریل کو ہونے والے الیکشن کے لیے فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کر لی ہے۔
بیان کے مطابق اجلاس میں آئی جی پنجاب نے صوبے میں سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اس وقت مردم شماری کرنے والوں کے ساتھ ڈیوٹی کر رہی ہے جبکہ رمضان المبارک میں بھی پولیس کی اضافی ڈیوٹی ہو گی۔
آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن 2018 کے دوران 3 ہزار 330 انتخابی مہم کے پروگرام کیے گئے، الیکشن کے لیے پولیس کے ساتھ ساتھ پاک فوج کے جوانوں کی تعیناتی بھی بہت ضروری ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے بریفنگ میں بتایا کہ اس وقت 40 ہزار اساتذہ مردم شماری کی ڈیوٹی پر ہیں، موجودہ صورتحال میں شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔
سیکرٹری دفاع نے الیکشن کمیشن کو ملک بھر میں سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سرحدوں اور ملک کی حفاظت پاک فوج کی اولین ترجیح ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سیکریٹری دفاع نے انتخابی سیکیورٹی کے لیے پاک فوج کے جوان فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔