اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )190 ملین پا ئونڈز کی غیر قانونی منتقلی کے سکینڈل میں نیب راولپنڈی نے سابق وفاقی وزرا کے اثاثوں کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
نیب راولپنڈی نے تمام صوبوں کے ایکسائز سیکرٹریز کو 22 سیاسی رہنمائوں کے نام گاڑیوں، مکانات، پلاٹوں اور زمینوں کا ریکارڈ فراہم کرنے کے لیے مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
نیب نے شیخ رشید احمد، پرویز خٹک، عمر ایوب، حماد اظہر، مراد سعید، اسد عمر اور فواد چوہدری کے اثاثوں کا ریکارڈ طلب کرلیا۔
نیب نے اعظم سواتی، علی زیدی، فیصل واوڈا، علی امین گنڈا پور، شفقت محمود، غلام سرور اور شیریں مزاری کے نام پر جائیدادوں کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔
نیب نے خالد مقبول صدیقی، فروغ نسیم، خسرو بختیار، اعجاز احمد شاہ اور دیگر کی جائیدادوں کی تفصیلات طلب کرلیں، نیب راولپنڈی نے 22 سابق وفاقی وزرا اور کابینہ ارکان کے نام اور منتقلی گاڑیوں کا ریکارڈ بھی پیش کرنے کا کہا ہے۔
نیب نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سابق وفاقی وزرا کی 2018 سے اب تک خریدی یا فروخت کی گئی تمام گاڑیوں کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔
واضح رہے کہ نیب سابق وزرا اور کابینہ ارکان کے خلاف 190 ملین پانڈز کی غیر قانونی منتقلی کی تحقیقات کر رہا ہے۔