اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )بلومبرگ نے کہا ہے کہ پاکستان بحرانوں سے نکلنے کے قریب ہے۔تفصیلات کے مطابق بلوم برگ نے کہا ہے کہ 3 ارب ڈالر کا بیل آؤٹ منظوری کے پہلے مراحل سے گزر چکا ہے، پاکستان بحران سے نکلنے کے قریب ہے، پاکستان کو بحران سے نکالنے کے لیے آئی ایم ایف کی تیاریاں بنیادی طور پر مکمل ہیں۔
بلومبرگ نے مزید کہا ہے کہ پیکیج کی منظوری 9 ماہ کے لیے دی جارہی ہے، اس منظوری کی بنیاد پر پاکستان کے لیے ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل جائے گا۔ پاکستان کے لیے فنڈنگ کا ماحول پہلے سے بہتر ہوا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی فچ کی ریٹنگ پہلے ہی اپ گریڈ کر دی گئی ہے جس سے بانڈز کے اجراء میں آسانی ہو گی۔ یہ بانڈز رواں ہفتے شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان کے وزیر خزانہ نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب سے دو ارب ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئی ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت نے بیل آؤٹ کے لیے آئی ایم ایف سے خصوصی درخواست کی تھی۔
بلومبرگ نے یہ بھی کہا ہے کہ بیل آؤٹ پیکج ابتدائی طور پر آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے ایجنڈے میں شامل نہیں تھا، اکتوبر میں ہونے والے انتخابات سے قبل مزید بحران کا خدشہ ہے۔ اس کو پورا کرنے کے لیے ٹیکسوں اور توانائی کے نرخوں میں اضافہ کیا گیا ہے اور وفاقی اخراجات میں بھی کمی کی گئی ہے۔