اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)پاکستان اور روس کے درمیان آج 10 ویں بین الحکومتی کمیشن اجلاس کے اختتام پر اہم مفاہمتی یادداشتوں اور پروٹوکولز پر دستخط کیے جائیں گے۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر برائے پاور سردار اویس لغاری اور روسی وزیر توانائی سرگئی تسویلیف کریں گے، جو گزشتہ روز اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
روسی وزیر توانائی نے گزشتہ رات پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (PNCA) میں منعقد خصوصی کنسرٹ میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے فنکاروں اور گلوکاروں کی پرفارمنس کو سراہا۔ کنسرٹ میں اسٹیٹ اکیڈمک رشین فوک انسمبل نے شاندار پرفارمنس پیش کی، جبکہ روسی نائب وزیر سائنس و اعلیٰ تعلیم، نائب وزیر توانائی، وزارت ثقافت اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
کنسرٹ میں روسی فنکاروں نے اپنی ثقافت کا رنگین مظاہرہ پیش کیا، جسے شرکاء نے نہایت پسند کیا۔ اس موقع پر روسی کلاسیکی اور سوویت دھنیں، بشمول ڈارک آئیز اور پیڈلرز پیش کی گئیں۔ پاکستانی موسیقی بھی پروگرام کا حصہ تھی، جس نے مقامی اور روسی شائقین دونوں کی توجہ حاصل کی۔
تقریب کے دوران دونوں ممالک کے شرکاء نے روسی اور پاکستانی فوک کلچر سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ ثقافتی تبادلے کے فوائد پر زور دیا۔ اس پروگرام کے ذریعے پاکستان اور روس کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا موقع بھی ملا۔
اجلاس کے اختتام پر متوقع مفاہمتی یادداشتوں اور پروٹوکولز کے دستخط دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط کرنے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔