اردو ورلڈ کینیڈا (ویب نیوز ) عمران خان نے خاتون جج کو دھمکیاں دینے کے کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو چیلنج کردیا۔
سیشن جج طاہر محمود کے چھٹی پر ہونے کے باعث ڈیوٹی جج سکندر خان کی عدالت میں درخواست دائر کی گئی، درخواست عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوٹھہ اور انتظار حیدر پنجوٹھہ نے دائر کی ہے۔
واضح رہے کہ سیشن عدالت نے گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
یاد رہے کہ خاتون جج کو دھمکیاں دینے کے کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان 13 مارچ کو عدالت میں پیش نہیں ہوئےتھے
عمران خان کے وکلا کی جانب سے بریت کی درخواست بھی دی گئی جس پر عدالت نے فریقین کو آئندہ سماعت پر دلائل کے لیے نوٹس جاری کر د ئیے
سماعت کے دوران سول جج رانا مجاہد رحیم نے کہا کہ اگر عمران خان عدالتی اوقات میں پیش نہ ہوئے تو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے، جس کے بعد عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔
وقفے کے بعد سماعت شروع ہوئی تو سول جج رانا مجاہد رحیم نے کہا کہ عدالت نے فرد جرم کی کارروائی آگے بڑھانے کے لیے عمران خان کو طلب کیا ہے، مقدمے کی نقول فراہم کرنا باقی ہیں۔ جس پر وکیل صفائی انتظار پنجوٹھہ نے کہا کہ عمران خان سابق وزیراعظم ہیں، وزیر آباد میں ان پر قاتلانہ حملہ ہوا، عمران خان ابھی مکمل صحت یاب نہیں ہوئے، عمران خان پر ایک اور قاتلانہ حملہ ہوسکتا ہے
بعد ازاں عدالت نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کردی۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف خاتون جج کو دھمکیاں دینے کے معاملے میں تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔