اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سیشن عدالت میں وارنٹ گرفتاری برقرار ہونےکے باوجود عمران خان پیش نہ ہوئے وکلاءنے توشہ خانہ کیس میں سیشن عدالت کی جانب سے عمران خان کے جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
عمران خان کے وکیل کی جانب سے توشہ خانہ کیس کی سماعت کرنے والے ایڈیشنل سیشن جج کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔
درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخ کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
عمران خان کے وکیل کی جانب سے درخواست کو آج سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 28 فروری کو عدالت نے عدم پیشی پر عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
گزشتہ روز عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواست مسترد کردی تھی۔
یاد رہے کہ توشہ خانہ کیس میں ایڈیشنل سیشن جج نے عمران خان کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے 8 جنوری کو طلب کر رکھا ہے تاہم ہر پیشی پر عمران خان کی جانب سے طبی یا سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی گئیں۔
ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود اسلام آباد پولیس تاحال عمران خان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔