اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) جج کے خلاف ‘غیر ارادی’ بیانات پر شدید افسوس ہے،عمران خان -پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے اپنے خلاف توہین عدالت کے نوٹس کا دوسرا جواب جمع کرا دیا۔
سابق وزیراعظم نے جواب میں اپنی غیر ارادی باتوں پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کے خلاف کچھ بولنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے الفاظ کا مقصد جج زیبا چوہدری کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقصد کبھی بھی انصاف کے نظم و نسق میں مداخلت یا کسی بھی طرح سے اثر انداز ہونا نہیں تھا۔”
سابق وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ وہ نچلی عدلیہ کا بہت احترام کرتے ہیں اور وہ پاکستان میں خواتین کے حقوق کی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے جواب میں عدالت سے استدعا کی کہ ا نہیں معافی اور تحمل کے اسلامی اصولوں کے تحت کیس سے بری کر دیا جائے۔