اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ سیاستدان نہیں مافیاز ہیں ، اپنی چوری چھپانے کے لیے ملک کا نظام تباہ کر رہے ہیں، مجھے افسوس ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے خلاف سازش ہورہی ہےاسمبلی میں چیف جسٹس اور ججز کے خلاف غلط زبان استعمال کی جا رہی ہے، میں 30 سال سے ان سے لڑ رہا ہوں۔ مافیاز ہیں، طیاروں سے عریاں تصاویر پھینکنا مافیا کا کام ہے۔
ہر پاکستانی شہری اب ملک میں صاف اور شفاف الیکشن چاہتے ہیں-@ImranKhanPTI pic.twitter.com/l6EvslKM4o
— PTI (@PTIofficial) April 14, 2023
عمران خان نے کہا کہ نیب میں ترمیم کر کے اپنے 1100 ارب معاف کر دیے، ڈر ہے کہ کہیں این آر او ختم نہ ہو جائے، ان کی کابینہ کے 60 فیصد لوگ ضمانت پر تھے سابق وزیراعظم نے کہا کہ شہباز شریف کو جنرل باجوہ نے بچایا، لیکن وہ اپنی چوری بچانے کے لیے ملک کا نظام تباہ کر رہے ہیں۔ مجھے افسوس ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہیں ڈر ہے کہ کہیں عمران خان اقتدار میں نہ آ جائیں۔
عمران خان نے کہا کہ ان کا ایک نکاتی ایجنڈا مجھے اقتدار میں نہ آنے دینا ہے، انہیں ڈر ہے کہ اگر میں اقتدار میں آیا تو ان کے تمام کیسز دوبارہ کھل جائیں گے۔ شہباز شریف نے اقتدار میں آتے ہی اپنے مقدمات بند کر دیے پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ان کے اپنے چیئرمین نیب نے ہاتھ اٹھا کر استعفیٰ دیا، ایف آئی اے نے اپنے کیسز بند کر کے ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع کر دیں۔