اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکمران سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مان کر غلط روایت قائم کررہے
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے مرکزی صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویز الٰہی نے ملاقات کی، پنجاب میں انتخابات کے ٹکٹوں پر تفصیلی مشاورت اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، عمران خان نے مونس الٰہی کی خیریت بھی خصوصی طور پر دریافت کی۔ .
اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رہے ہیں، خواجہ طارق، رحیم اور فواد چودھری پیروی کریں گے۔
اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب میں امیدواروں پر تفصیلی مشاورت ہوئی ہے، ٹکٹوں کا اعلان عمران خان خود کریں گے، الیکشن رکوانے کے لیے ہر غیر آئینی حربہ استعمال کیا جا رہا ہے۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کو اپنے غیر آئینی اقدامات کا جواب دینا پڑے گا، شہباز شریف ہر صورت اقتدار سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں چاہے انہیں آئین توڑنا پڑے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ غیر آئینی شوباز شریف قوم کے سامنے بری طرح بے نقاب ہو چکے ہیں