اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پی ٹی آئی اور فوج کو آمنے سامنے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی دنیا میں جائیں اور انسانی حقوق کی تنظیموں اور سیاستدانوں کو بتائیں کہ پاکستان میں کس طرح انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔
لاہور میں ویڈیو خطاب میں عمران خان نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی دنیا میں جائیں اور انسانی حقوق کی تنظیموں اور سیاستدانوں کو بتائیں کہ پاکستان میں کس طرح انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے، کسی کو آئین کی پرواہ نہیں، جمہوریت کا قتل کیا جا رہا ہے
حکومت کا مجھے قتل یا اغواء کرنے کا پلان تھا،عمران خان،بدھ کو مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان
انہوں نے کہا کہ 30 اپریل کو انتخابات ہونے جارہے ہیں، لیکن موجودہ حکومت انتخابی ماحول نہیں بننے دے رہی، ہمارے انتخابی جلسے پر حملہ کرکے ظل شاہ کو شہید کیا گیا، مینار پاکستان جلسے کی اجازت نہیں دے رہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے رابطہ کریں گے، پی ٹی آئی کے بیرون ملک دفاتر کے ذریعے ممالک سے رابطہ کریں گے، ہم اپنے چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی رجوع کریں گے کہ یہاں کوئی قانون باقی نہیں رہا یہاں طاقت کے زور پر خوف پھیلایا جا رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہمیں تقسیم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہمارے پشتون کارکنوں کو طالبان اور دہشت گرد کہا گیا، جس پر ہمارے پشتون بھائیوں کا ردعمل آیا ہے، یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ ہم ملک میں دہشت گردی اور انتشار پھیلا رہے ہیں
انہوں نے کہا کہ جھوٹوں کی ملکہ کی طرف سے بار بار کہا جا رہا ہے کہ یہ دہشتگرد ہیں
انہوں نے کہا کہ حکومت انتشار پھیلا رہی ہے اور اس کا مقصد الیکشن روکنا ہے، اس وقت پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو ملک میں انتشار نہیں چاہتی، ہم کیوں چاہتے ہیں کہ انتشار پھیلے اور الیکشن ملتوی ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ ہم پرامن طریقے سے اسلام آباد کی طرف جارہے تھے کہ ہم پر ربڑ کی گولیاں چلائی گئیں، انتشار پھیلانے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، اسی طرح میرے گھر پر حملہ کیا گیا، چیزیں توڑی گئیں، لوٹ مار کی گئی، لوگ غصے میں ہیں، پھر بھی میں لوگوں سے گزارش ہے کہ ہم کسی قسم کی خلاف ورزی نہ کریں، اسلحہ نہ اٹھائیں، پرامن رہیں کیونکہ ہم نے الیکشن کروانے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ذاتی مفادات کے لیے آنے والے سیاستدان عوام کو تقسیم کرکے نفرت پھیلا کر ووٹ اکٹھے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ وہی پرانا طریقہ ہے جو مودی بھارت میں اپنا رہے ہیں کہ ہندو عظیم قوم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور فوج کو آمنے سامنے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پی ڈی ایم کی بھرپور کوشش ہے کہ پی ٹی آئی اور فوج آپس میں لڑیں، یہ لوگ الیکشن نہیں جیت سکتے اس لیے پی ٹی آئی کو ختم کرنا چاہتے ہیں
عمران خان نے واضح کیا کہ فوج میری ہے اور ملک بھی میرا ہے۔ پاکستان میں جینا اور مرنا ہے