اردو ورلڈ کینیڈا( ویب نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان 4 مقدمات میں پیشی کے لیے زمان پارک لاہور سے اسلام آباد روانہ ہو گئے۔
یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف آج اسلام آباد کی عدالتوں میں 4 مختلف مقدمات کی سماعت ہوگی اور سابق وزیراعظم انسداد دہشت گردی، بینکنگ کورٹ سمیت سیشن کورٹ کے 2 مقدمات میں پیش ہوں گے۔ عمران خان موٹروے کے ذریعے دارالحکومت اسلام آباد پہنچیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی کے ہمراہ میاں اسلم اقبال، مسرت جمشید چیمہ اور دیگر رہنما اور کارکنان قافلے کی صورت میں روانہ ہوئے، ان کی ذاتی سیکیورٹی اور جیمرز گاڑیاں بھی ان کے ساتھ موجود ہیں ،راولپنڈی اور اسلام آباد میں سابق وزیراعظم کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔عمران خان کی پیشی کے موقع پر فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جوڈیشل کمپلیکس کے اندر اور اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف کی سڑکوں کو خاردار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ جوڈیشل کمپلیکس میں غیر مجاز افراد کا داخلہ ممنوع ہے۔