اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ سے مختلف مقدمات میں ضمانت منظور ہونے کے بعد چیئرمین تحریک انصاف وفاقی دارالحکومت سے قافلے میں موٹروے کے ذریعے لاہور پہنچے جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سابق وزیراعظم کے حق میں نعرے لگائے اور ڈھول بھی پیٹے۔
بعد ازاں عمران خان اپنی رہائش گاہ زمان پارک پہنچے تو پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لیے موجود تھی۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا تھا، جس کے بعد ان کی گرفتاری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا، جہاں سپریم کورٹ نے ان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔ .
عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں دو ہفتے کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کرلی گئی
سپریم کورٹ نے اپنے مختصر حکم میں عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی جس کے بعد وہ گزشتہ روز ہائی کورٹ میں پیش ہوئے اور ان کے وکلا نے مختلف مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے القادر ٹرسٹ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف کی 2 ہفتوں کے لیے عبوری ضمانت منظور کرلی جب کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو پیر تک ملک بھر میں دائر کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم بھی جاری کردیا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم کئی گھنٹے انتظار کے بعد گزشتہ رات اسلام آباد ہائی کورٹ سے زمان پارک لاہور کے لیے روانہ ہوئے۔