اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو دنیا کا تیسرا مہنگا ترین ملک بنانے والے عمران خان کو وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔
عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جس نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچایا وہ اس کو دیوالیہ ہونے سے بچانے والوں پر وائٹ پیپر چھاپ رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وائٹ پیپر میں آٹا 35 سے 100 روپے اور چینی 52 سے 120 روپے، بجلی 11 سے 25 روپے فی یونٹ اور گیس 600 سے 1400 روپے تک کا ذکر نہیں ہے۔ صرف چار سال میں ملک کے 44 ہزار ارب روپے کے قرضے کا ذکر نہیں ، ایک سال میں 20 ہزار ارب روپے کا تاریخی قرضہ لینے کا ذکر نہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے ایک سال میں آپ کا 11 ارب ڈالر کا قرضہ واپس کیا، چار سال میں پاکستان کی تاریخ کے چار بدترین بجٹ خسارے کا ذکر نہیں۔
عوام کو ناراض کرنے کا ذکر نہیں۔ لوگوں کوبے روزگار کرنے کا ذکر نہیں، پاکستان کو دنیا کا تیسرا مہنگا ملک بنانے کے لیے وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ چار سال میں بجلی اور گیس کا ایک یونٹ بھی شامل نہ کرنے کا وائٹ پیپر میں ذکر نہیں، ملک کو دوبارہ دہشت گردی کا نشانہ بنانے کا ذکر نہیں۔ گھڑی، پانچ قیراط کے ہیرے اور انگوٹھیوں کی تصاویر بھی شائع کی جانی تھیں، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے اور پھر اس پر نادہندہ ہونے کا ذکر نہیں۔