اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وفاقی وزیر قانون نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کو
عدالتوں کے لئے تحریک چلانے سے پہلے اپنے ماضی پر نظر ڈالنی چاہیےاسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت میں اپوزیشن دیوار سے لگا دی گئی، حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے عدالتوں پر دبا ئوبڑھا، عدالت نے قومی اسمبلی بحال کی، عمران خان نے عدالت پر یلغار کی اور فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان چیختے ہیں کہ وہ انصاف کی تحریک چلا رہے ہیں، دوسری طرف آپ اس عدالت کا مذاق اڑاتے ہیں، عمران خان نے ہمیشہ لاڈلے بن کر کامیابی حاصل کی، عمران خان کو جمہوری طریقے سے عدم اعتماد کے ووٹ سے ہٹایا گیا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عمران خان عدالتوں کا مذاق اڑاتے ہیں، عدالتیں نوٹس بھیجتی ہیں، آپ اپنی مرضی سے پیش ہوں، اپنی مرضی سے جواب دیں، یہ پیغام دیتے ہیں کہ ایک عمارت میں پیش ہوں گے دوسری میں نہیں۔
وزیر قانون نے کہا کہ میاں نواز شریف کو انجینئرڈ طریقے سے وزارت عظمی سے ہٹایا گیا، میاں نواز شریف نے عدالتی کارروائی کا احترام کیا، وہ اپنی بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر بیٹی کے ساتھ واپس آئے۔