اردو ولڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معیشت کو سنبھالنے کے دعویدار دوسروں کے پاؤں پر گر گئے ہیں
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے درمیان اعتماد کے معاملے پر ملاقات ہوئی
زمان پارک میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے راسخ الٰہی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پنجاب کی سیاسی صورتحال اعتماد کے ووٹ کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں عمران خان اور پرویز الٰہی نے اتفاق کیا کہ پنجاب اسمبلی میں پنجاب حکومت کی نمبر گیم مکمل ہے، دونوں رہنماؤں نے پی ڈی ایم کی منفی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں عمران خان نے تمام معاملات بالخصوص آٹے کی صورتحال پر کھل کر بات کی جس پر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں آٹے کی سپلائی بہتر کرنے کے لیے سرکاری گندم کا کوٹہ مقرر کیا ہے۔
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ 13 جماعتوں پر مشتمل حکومتی گروپ نے چند ماہ میں معیشت کو تباہ کر دیا، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے، معیشت کو سنبھالنے کے دعویدار آج لاؤ لشکر سمیت غیروں کے پاؤں میں گر چکے ہیں۔ چوروں کے ٹولے کو جینوا جا کر بھیک مانگنے میں کوئی شرم نہیں آتی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ نااہل ٹولہ جنیوا سے بھی خالی ہاتھ واپس آئے گا۔ آج معیشت نہ سنبھالی گئی تو کل ریاست کو نقصان ہوگا۔ اقتدار کی ہوس میں اندھے حکمران مہنگائی کا طوفان لے آئے ہیں ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ملک پر مسلط بے حس ٹولے نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے، یہ لوگ عوام کے مسائل پر توجہ دینے کی بجائے این آر او کے ذریعے خود کو کلیئر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔