اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے بدھ سے جیل بھرو تحریک کا اعلان کر دیا۔
ویڈیو لنک اجلاس میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے لاہور پھر دوسرے بڑے شہروں میں جیلیں بھریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ زمان پارک کے باہر کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، وہ ہمیں جیلوں میں ڈالنے کی دھمکیاں دیتے ہیں، جیل بھرو تحریک پورے پاکستان میں جائے گی۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ملک میں ظلم اور ناانصافی ہو رہی ہے، آئین میں واضح ہے کہ انتخابات 90 دن میں ہونے ہیں، 91 دن کا مطلب ہے نگران حکومت غیر آئینی ہو جائے گی، چیف الیکشن کمشنر کو پتہ ہے ، گورنر، چیف الیکشن کمشنر دونوں آئین کی پاسداری نہیں کر رہے، الیکشن کمیشن بے بسی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت نے آئین کے مطابق فیصلہ دیا ہے، عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد نہ ہوا تو اس کا مطلب ہے کہ قانون ختم ہو جائے گا اور مزید تباہی نہیں ہو سکتی۔