اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی خواہش پوری کریں گے، ملک کی تمام جیلیں بھریں گے۔
اپنے ویڈیو بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم جس طرف جا رہے ہیں، مجھے ڈر ہے کہ ہم بچ بھی سکیں گے کہ نہیں۔ سازش کے تحت ہم پر مجرموں کا راج مسلط کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انصاف کے بغیر کسی بھی ریاست میں خوشحالی نہیں آسکتی۔ قانون کی حکمرانی معیشت کے لیے ضروری ہے۔ ہم نے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی بات کی ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر ہم نہ بیدار ہوئے اور نہ لڑے تو بحیثیت قوم حالات کے ذمہ دار ہم ہوں گے۔ دبئی اور ملائیشیا میں سرمایہ کاروں کو وہاں ایک رول آف نظر آتا ہے۔ ہماری سب سے بڑی طاقت 10 ملین سمندر پار پاکستانی ہیں، جو یہاں نہیں آتے کیونکہ انہیں ہمارے سسٹم پر اعتماد نہیں ہے۔
چیئرمین عمران خان کا جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان! pic.twitter.com/b0ibmXpmA0
— PTI (@PTIofficial) February 4, 2023
15 سے 20 لاکھ پاکستانی سرمایہ کاری شروع کر دیں تو پاکستان ترقی کرے گا۔ عدم اعتماد کے دن پاکستان میں ڈالر 178 کا تھا، آج 100 روپے مہنگا ہو گیا ہے۔ ہمارے 3 سال 8 ماہ میں ڈالر 55 روپے اور موجودہ ایک ہفتے میں 50 روپے مہنگا ہو چکا ہے۔ ڈالر مہنگا ہونے کا اثر عام لوگوں پر پڑنا شروع ہو گیا ہے۔ پاکستان میں مہنگائی 50 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ مہنگے ڈالر کے برے اثرات ابھی نہیں آئے، آنے والے ہیں۔ آٹا، گیس، بجلی پہلے ہی مہنگی ہے، مزید مہنگی ہو جائے گی۔ تیل مہنگا ہو جائے تو ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے۔ ہمارے دور میں تیل 110 سے 115 ڈالر فی بیرل تھا، آج 85 ڈالر فی بیرل ہے۔
پی ٹی آئی رہنما ئوں کے مقدمات اور گرفتاریوں پر ردعمل دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت کی یہ خواہش بھی پوری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام جیلیں بھر دیں۔