اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )عمران خان کا26 نومبر کو راولپنڈی پہنچنے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ہفتہ کے روز اپنے کارکنوں سے 26 نومبر کو راولپنڈی پہنچنے کی اپیل کر دی۔
لانگ مارچ کے شرکا سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سربراہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کی حکومت کو سازش کے ذریعے ہٹایا گیا، جبکہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کو ملک پر مسلط کر دیا گیا ہے۔ آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے عمران نے کہا کہ جو قوم روشن خیال ہوتی ہے وہ آزادی کی جدوجہد کرتی ہے۔
حکمرانوں خصوصا وزیر داخلہ پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے رانا ثنا اللہ پر 18 افراد کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام لگایا۔ انہوں نے 25 مئی کے واقعے پر حکمرانوں پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں پر وحشیانہ تشدد کیا گیا جسے وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔