اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جناح ہاؤس پر حملے سمیت 5 مقدمات میں چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی عبوری ضمانت میں 8 اگست تک توسیع کردی۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ابھر گل خان نے جناح ہاؤس حملے سمیت 5 مقدمات کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران اسپیشل پراسیکیوٹر فرہاد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش مکمل کر لی ہے، تفتیش میں سابق وزیراعظم کو قصوروار پایا گیا ہے۔
عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں 8 اگست تک توسیع کرتے ہوئے وکلا کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور شادمان تھانے پر حملے کے مقدمات بھی درج ہیں جب کہ عدالت نےظل شاہ قتل اور ہنگامہ آرائی کے 2 مقدمات میں عبوری ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
خیال رہے کہ 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے کیے گئے تھے جس میں فوجی تنصیبات سمیت قومی املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔
فوجی تنصیبات سمیت مختلف مقامات پر حملوں اور آتشزدگی کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔