اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ جب یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا تو درخواست گزار زیر حراست تھے۔ 10 مئی کو عمران خان نیب کی حراست میں تھے۔
بعد ازاں عدالت نے عمران خان کی 3 مقدمات میں 2 جون تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ان سے تفتیش کا حکم دیا۔
عدالت نے کہا کہ عمران خان صاحب آپ ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرائیں اور تفتیش میں رکاوٹ نہ بننے دیں۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے زمان پارک حملہ اور ظل شاہ قتل کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو 2 جون کو سنایا جائے گا۔