اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز) سینیٹر فیصل وا وڈا نے کہا ہے کہ عمران خان کی جان کو بشریٰ بی بی، علی امین گنڈا پور اور ان کے حواریوں سے خطرہ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں سینیٹر فیصل وا وڈا نے کہا کہ میں آج بھی اپنے قول پر قائم ہوں کہ بی بی، گنڈا پور اور ان کے حواریوں سے خان کی جان کو خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جان کو لاحق خطرے کا پہلا ثبوت مفرور قاسم سوری کا ٹوئٹ ہے جس میں انہوں نے خان کا دماغی توازن کھونے یعنی انہیں پاگل کہنے کا بیانیہ بنانا شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب قوم سمجھ رہی ہے کہ سب مل کر کیا کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن ہمیں خان کی جان سے پیار ہے اور ہمیں پی ٹی آئی کے بانی کو ان لوگوں سے بچانا ہے۔
فیصل واوڈا نے لکھا کہ دوسری جانب علیمہ خان نے قاسم سوری کے نازیبا ٹوئٹ کی تردید کی ہے۔
10