ارد و ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ اگر سابق وزیراعظم عمران خان کے بچے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کوئی سیاسی تحریک چلانا چاہتے ہی تو اس پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان چاہتے ہیں کہ ان کے بچے سیاست میں آئیں، تو انہیں پاکستان واپس آنا ہوگا ۔ اگر وہ پاکستان میں رہ کر کسی قسم کی سیاسی سرگرمی یا تحریک کا حصہ بننا چاہتے ہیں، تو وہ یہ سب آئینی اور قانونی طریقے سے کریں کسی کو اعتراض نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی رہائی ان کے اہلِ خانہ کے بس میں نہیں بلکہ یہ معاملہ قانونی پہلوؤں اور عدالتی فیصلوں سے ہی طے ہوگا۔ عمران خان کی بہنیں اور بچے ان کی رہائی کی ضمانت نہیں بن سکتے۔سینیٹر عرفان صدیقی نے موجودہ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا میں تبدیلی نہیں لا رہی اور آصف علی زرداری بطور صدر مملکت اچھا کردار ادا کر رہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ زرداری ایک فہم و فراست رکھنے والے سیاستدان ہیں جنہوں نے حکومت کے لیے کسی قسم کی مشکلات پیدا نہیں کیں۔انہوں نے اس تاثر کو رد کیا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں کوئی تناؤ ہے، اور کہا کہ پیپلز پارٹی ہماری اتحادی ہے، ہم نظام کو کیوں غیر مستحکم کرنا چاہیں گے؟ چینی کی بڑھتی قیمتوں سے متعلق سوال پر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ چینی بیرون ملک سے درآمد کی گئی ہے** تاکہ ملک میں اس کی قلت اور مہنگائی پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔