اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے بیٹوں کے ویزے سے متعلق ان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے بیان پر وفاقی وزارت داخلہ نے وضاحت جاری کر دی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بیٹوں کی جانب سے ویزا حاصل کرنے کی کوئی درخواست وزارت داخلہ کو موصول نہیں ہوئی، نہ ہی ایسی کوئی درخواست فی الحال زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق فیملی ویزا یا دیگر اقسام کے ویزے وزارت داخلہ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس قسم کے ویزے جاری کرنے کا اختیار پاکستانی ہائی کمیشن یا وزارت خارجہ کے پاس ہوتا ہے، نہ کہ وزارت داخلہ کے پاس۔
یاد رہے کہ اس سے قبل علیمہ خان نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان کے بیٹوں، قاسم اور سلیمان، نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں ویزا درخواست جمع کروائی ہے، اور یہ معاملہ وزارت داخلہ کے سامنے زیر غور ہے۔تاہم وزارت داخلہ نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کوئی عمل اس کے تحت نہیں چل رہا، اور یہ معاملہ اس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔