اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے فل کورٹ کی بات کی تو چیف جسٹس سے غور کرنے کی درخواست کی جائے گی۔ .
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نتائج کچھ بھی ہوں ہم پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑے ہوں گے، آئین مدت سے آگے جانے کی اجازت دیتا ہے تو جائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران کے رویے کی وجہ سے تین، دو، تین اور چار کا مسئلہ پیدا ہوا، عمران اپنا تعارف بطور سیاستدان کرائیں اور سیاستدانوں کے ساتھ بیٹھیں۔
قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں کامیاب آپریشن پر پنجاب پولیس اور آئی جی پنجاب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس آپریشن میں اغوا ہونے والے دو معصوم بچوں کی بازیابی پنجاب پولیس کی شاندار کارکردگی ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اس آپریشن میں وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، اس آپریشن میں حصہ لینے والے جوانوں، افسران اور آئی جی پنجاب کی فرض شناسی اور حوصلے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔