اردو ورلڈ کینیڈا (ویب نیوز ) غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی 300 دن مکمل ،اب تک 82 ہزار ٹن بارود گرایا گیا ، 39 ہزار فلسطینی شہید۔سرکاری میڈیا آفس کے مطابق شہداء میں 16 ہزار 314 بچے اور 10 ہزار 980 خواتین شامل ہیں۔غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے 300ویں دن ہلاکتوں کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔سرکاری میڈیا آفس کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں ان 300 دنوں میں اسرائیل کی جانب سے 3 ہزار 457 حملے کیے گئے اور 82 ہزار ٹن دھماکہ خیز مواد گرایا گیا۔اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں اب تک 39 ہزار 480 افراد شہید اور 91 ہزار 128 افراد زخمی ہو چکے ہیں جب کہ 10 ہزار افراد لاپتہ ہیں، اس طرح غزہ کی کل آبادی کا 6 فیصد یا تو اس جنگ میں شہید ہو چکے ہیں یا زخمی یا لاپتہ۔ 520 شہید افراد کی لاشیں اجتماعی قبروں سے ملیں، غزہ میں بھی 35 افراد خوراک کی کمی کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔
غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق 13000 زخمیوں اور بیماروں کو غزہ سے باہر فوری علاج کی ضرورت ہے۔اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں ہر ایک نے نقل مکانی کی سختیاں برداشت کی ہیں جب کہ غزہ میں تقریباً 17 لاکھ افراد کسی نہ کسی وبائی مرض میں مبتلا ہیں۔اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ کے بنیادی ڈھانچے کو بھی سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے جس کا براہ راست نقصان 33 بلین ڈالر ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل کی جانب سے 198 سرکاری عمارتوں، 117 تعلیمی اداروں، 610 مساجد، 3 گرجا گھروں، 150,000 رہائشی یونٹس، 206 آثار قدیمہ کے مقامات، 34 کھیلوں کے مراکز، 3000 کلومیٹر سے زائد بجلی کی ترسیل کے نظام پر حملہ کیا گیا۔ اور پانی کے 700 کنویں تباہ ہو گئے۔