شانگلہ کے علاقے کوزہ الپوری میں المناک حادثہ، مکان کی چھت گرنے سے 6 بچے جاں بحق، ایک بچی زخمی

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)شانگلہ کے علاقے کوزہ الپوری کے نواحی علاقے رحیم آباد میں ایک افسوسناک واقعے میں گھر کے کمرے کی چھت گرنے سے چھ بچے جاں بحق جبکہ ایک بچی شدید زخمی ہو گئی۔ یہ دلخراش حادثہ رات تقریباً دو بج کر پندرہ منٹ پر پیش آیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کے وقت کمرے میں سات بچے موجود تھے جو اچانک چھت گرنے سے ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور ریسکیو کارروائی کا آغاز کیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ملبہ ہٹا کر بچوں کو نکالنے کا عمل شروع کیا اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے۔ امدادی کارروائی کے دوران تمام بچوں کو ملبے سے نکال لیا گیا تاہم چھ بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک بچی کو زندہ حالت میں نکالا گیا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی بچی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ امدادی کارروائیاں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 شانگلہ کی نگرانی میں مکمل کی گئیں۔ ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل کیا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ رات گئے اس وقت پیش آیا جب متاثرہ گھر کے ایک کمرے کی چھت اچانک بیٹھ گئی۔ گھر کے مالک کی شناخت فضل داد کے نام سے ہوئی ہے۔

جاں بحق بچوں کی شناخت ناظرہ بی بی (عمر 14 سے 15 سال)، سمیرا بی بی (13 سے 14 سال)، رضوان (4 سے 5 سال)، نایاب (7 سے 8 سال)، حیا نور (4 سے 5 سال) اور عمیرا (12 سے 13 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمی بچی مروا کی عمر 11 سال بتائی گئی ہے۔

اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا ہے اور مقامی افراد نے انتظامیہ سے متاثرہ خاندان کے لیے فوری امداد اور رہائشی صورتحال کی بہتری کا مطالبہ کیا ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں