اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) جنوبی امریکی ملک ارجنٹائن میں بدترین معاشی بحران اور بڑھتی مہنگائی کے باعث لوگوں نے دکانیں لوٹنا شروع کردیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق ملک بھر میں حالیہ دنوں میں لوٹ مار کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، لوٹ مار کے خوف سے کچھ دکانداروں نے اپنی دکانیں بند کر دی ہیں اور کچھ دکانداروں نے حفاظت کے لیے اسلحہ بھی رکھ لیا ہے۔
سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیوز میں لٹیرے دکانوں سے نقدی سمیت ہر چیز لے کر فرار ہوتے نظر آ رہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے درجنوں لٹیروں کو گرفتار کرلیا ہے، دوسری جانب ارجنٹائن کے صدر البرٹو فرنانڈیز نے لوگوں سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔واضح رہے کہ کرنسی کی قدر میں تیزی سے کمی نے اشیا مہنگی کر دی ہیں جس کی وجہ سے ارجنٹائن کے عوام ان دنوں معاشی بحران اور مہنگائی 100 فیصد سے زائد کا شکار ہیں۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بدھ کو ارجنٹائن کے لیے 7.5 بلین ڈالر کی منظوری دے دی۔ حالیہ برسوں میں شدید اقتصادی بحران کی وجہ سے ارجنٹائن آئی ایم ایف کا سب سے بڑا مقروض رہا ہے۔ارجنٹائن کی حکومت کو امید ہے کہ آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ سے ملک کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔