اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 263 ہو گئی، مزید 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 263 ہو گئی ہے، جن میں 125 مرد، 59 خواتین اور 79 بچے شامل ہیں، جب کہ 166 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سیلاب اور بارش سے متعلقہ واقعات میں ہلاکتیں کوئٹہ، بولان، کیچ، ژوب، دکی، خضدار، کوہلو، مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، سبی اور صوبے کے دیگر اضلاع سے رپورٹ ہوئیں۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ شدید بارشوں سے کم از کم 500,000 مویشیوں کا نقصان ہوا۔ پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ صوبے میں بارشوں اور سیلاب سے 64 ہزار 385 مکانات کو نقصان پہنچا جن میں سے 18 ہزار 410 مکانات مکمل طور پر تباہ جبکہ 45 ہزار 975 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ سیلاب کی وجہ سے 1500 کلومیٹر لمبی سڑکیں اور 18 پلوں کو نقصان پہنچا جبکہ دو لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہو گئیں۔ پی ڈی ایم اے متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں کر رہی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قلات اور موسیٰ خیل کے متاثرہ اضلاع میں متاثرین میں کم از کم 200 خیمے اور 250 خوراک کے پیکٹ تقسیم کیے گئے۔