اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر ایل ون میں شہریوں نے 2 مبینہ ڈاکوؤں کو پکڑ کر زندہ جلا دیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق شہریوں نے مبینہ ڈاکوؤں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر زندہ جلا دیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دونوں مبینہ ڈاکو ہلاک ہو گئے ہیں جن کی لاشیں ہسپتال پہنچا دی گئی ہیں۔
ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان کا کہنا ہے کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کو موقع پر روانہ کر دیا گیا ہے۔
ملزم کا مجرمانہ ریکارڈ بھی سامنے آگیا
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد عمران اور نادر حسین کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان کا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آگیا ہے، نادر حسین کے خلاف کورنگی، ملیر اور سینٹرل میں متعدد مقدمات درج ہیں، دونوں ملزمان جبران نامی شہری کو لوٹنے کے بعد فرار ہو رہے تھے۔
پولیس کے مطابق جبران نے شور مچایا رکشہ سٹینڈ کے قریب دکانداروں نے ملزم کو پکڑ لیا۔ اسلحہ، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ہے۔