اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) لندن میں نامعلوم افراد نے نواز شریف کے نام پر چوتھی گاڑی بھی رجسٹر کرالی
نواز شریف کے لندن آفس کے مطابق نواز شریف کے نام پر گاڑیوں کی رجسٹریشن کا مقصد جرائم کرتے ہوئے انہیں نواز شریف سے جوڑنا ہو سکتا ہے، اس کے علاوہ رجسٹرڈ گاڑیاں دہشت گردی، فراڈ اور مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے بھی استعمال ہو سکتی ہیں۔۔
لیگی قائد آفس کے خرم بٹ نے پولیس کو چوتھی گاڑی کی رجسٹریشن سے بھی آگاہ کیا جب کہ سٹی آف لندن پولیس سازش کرنے والوں تک پہنچنے کے لیے تحقیقات میں مصروف ہے۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب نواز شریف کے نام پر رجسٹرڈ گاڑی کی تفصیلات ڈی وی ایل اے کی جانب سے ایون فیلڈ بھیجی گئیں۔ مارچ 2023 میں، نواز شریف کے دفتر نے DVLA کو فراڈ کے بارے میں آگاہ کیا۔
اپریل 2023 میں نواز شریف کے نام پر ایک اور گاڑی رجسٹرڈ ہوئی، نواز شریف کے نام پر تیسری گاڑی کا انکشاف اس وقت ہوا جب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ وصول کیا گیا۔
خرم بٹ کا کہنا ہے کہ کچھ شرپسند عناصر نواز شریف کا نام اپنے مجرمانہ مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دوسروں کے نام پر گاڑی رجسٹر کرنے والے جلد پکڑے جائیں گے۔
خرم بٹ نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے سپورٹر نواز شریف کو پھنسانے کی سازش میں ملوث ہو سکتے ہیں۔