اردوورلڈ کینیڈا (ویب نیوز)پنجاب کے مختلف اضلاع میں آج بھی بارش برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ لاہور اور دریائی علاقوں میں شدید بارش کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق، تمام ضلعی ایمرجنسی مراکز اور صوبائی کنٹرول روم کو تازہ موسمی صورتحال کے پیشِ نظر مکمل طور پر الرٹ کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے اعلامیے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، میانوالی، مری، گلیات، جہلم، اٹک، چکوال، نارووال، گجرات، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاؤالدین اور ڈی جی خان سمیت متعدد شہروں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے، جبکہ مری اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ شہریوں، مسافروں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ آندھی اور موسلا دھار بارش کے نتیجے میں کمزور اور خستہ حال عمارتوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، اس لیے شہری محفوظ مقامات پر رہنے کو ترجیح دیں۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے، عرفان علی کاٹھیا نے تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو مشینری اور ریسکیو عملہ ہمہ وقت تیار رکھنے کی ہدایت دی ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کا فوری اور مؤثر طور پر مقابلہ کیا جا سکے