پیر کی شب پشاور کے مفتی محمود سینٹر میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں صوبہ خیبر پختونخوا میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے مختلف فارمولوں پر غور کیا گیا۔
جے یو آئی کے وفد کی قیادت صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا عطاء الحق درویش اور (ن) لیگ کے صوبائی صدر امیر مقام نے کی جبکہ طارق فضل چوہدری بھی موجود تھے۔
ملاقات میں گزشتہ دو عام انتخابات میں دونوں جماعتوں کی جیتی ہوئی نشستوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر جے یو آئی نے خیبرپختونخوا کے ساتھ پنجاب میں بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا مطالبہ کیا۔
جے یو آئی کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت کے مطابق سیٹ ایڈجسٹمنٹ پورے ملک کے لیے ہوگی، پھر ہر جگہ ایڈجسٹمنٹ ہوگی۔
ملاقات میں دونوں جماعتوں نے امیدواروں کے ناموں کا تبادلہ کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ مذاکرات کا تیسرا دور انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد ہوگا۔
ادھر جے یو آئی کے صوبائی ترجمان عبدالجلیل جان نے کہا کہ ہم نہ الیکشن سے بھاگے ہیں اور نہ ہی بھاگنے کا ارادہ ہے، جے یو آئی فروری میں نہیں جنوری میں الیکشن کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے اور الیکشن کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کام سیکیورٹی الرٹ سے آگاہ کرنا نہیں بلکہ سیکیورٹی فراہم کرنا ہے۔
69