اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وفاقی حکومت نے مالی سال 2024-25 کے لیے 18877 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا ہے جس میں بجٹ خسارہ 8500 ارب روپے ہے جو وفاقی وزیر خزانہ کے مطابق جی ڈی پی کا 6.9 فیصد ہوگا.
خسارے کے باوجود حکومت نے وفاقی ترقیاتی پروگرام کے لیے 1400 ارب روپے رکھے ہیں. تاہم اخراجات کا سب سے بڑا حصہ قرضوں پر سود کی ادائیگی ہے جس کے لیے 9775 ارب روپے ادا کیے جائیں گے. یہ رقم دفاعی اخراجات سے تقریباً چار گنا زیادہ ہے۔ دفاع کے لیے 2122 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں.
وفاقی حکومت ایف بی آر کے ذریعے 12970 ارب روپے جمع کرے گی لیکن اس میں سے 7438 ارب روپے صوبوں کو د ئیے جائیں گے. وفاقی حکومت کی آمدنی، بشمول غیر ٹیکس محصولات وغیرہ، 9119 بلین روپے ہوگی. اس لیے خسارے کو پورا کرنے کے لیے قرضوں، نجکاری اور غیر ملکی امداد پر انحصار کیا جائے گا.
بجٹ میں حکومت نے کم از کم تنخواہ 32 ہزار سے بڑھا کر37ہزار کر دی ہے. سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے کا اعلان کیا گیا ہے. اس کے علاوہ بجٹ کی وجہ سے موبائل فون، لگژری کاریں، سیمنٹ، رئیل اسٹیٹ، تانبے کی مصنوعات، کاغذ اور دیگر چیزیں مہنگی ہو گئی ہیں.
جب قومی اسمبلی کا اجلاس وفاقی بجٹ پیش ہونے لگا تو اپوزیشن نے ایوان میں بلند آواز میں نعرے لگائے، پھر اجلاس کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت ، نعت رسول مقبول سے ہوا.
اجلاس شروع ہوتے ہی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ پیش کرنا شروع کر دیا، اپوزیشن نے ایک بار پھر شور مچایا.
وزیر خزانہ کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے بجٹ کی کاپیاں پھاڑ دیں.
حزب اختلاف کے ارکان اسپیکر کے ڈائس کے سامنے کھڑے ہوئے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تصویر ڈائس کے سامنے رکھ دی.
جس کے بعد سپیکر نے سکیورٹی عملے کو ایوان میں بلایا.
اپوزیشن ارکان کے احتجاج پر مسلم لیگ ن کے ارکان بھی سامنے آئے اور طارق فضل چوہدری، حنیف عباسی اور عطا تارڑ نے وزیراعظم کو گھیرے میں لے لیا.
وزیر خزانہ نے قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کرتے ہوئے کہا کہ اس معزز ایوان کے سامنے مالی سال 2024-25 کا بجٹ پیش کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے. میں مخلوط حکومت میں سیاسی جماعتوں کی قیادت، خاص طور پر محمد نواز شریف، بلاول بھٹو زرداری، خالد مقبول صدیقی، چوہدری شجاعت حسین، عبدالعلیم خان اور خالد حسین مگسی کی رہنمائی کے لیے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں.
انہوں نے کہا کہ سیاسی اور معاشی چیلنجوں کے باوجود گزشتہ ایک سال کے دوران اقتصادی محاذ پر ہماری پیش رفت متاثر کن رہی ہے. آج فطرت نے پاکستان کو معاشی ترقی کی راہ پر چلنے کا ایک اور موقع فراہم کیا ہے، ہم اس موقع کو ضائع کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے.
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام گزشتہ سال جون میں ختم ہونے والا تھا اور نئے پروگرام کے حوالے سے کافی غیر یقینی صورتحال تھی. معاہدے کے ذریعے، اس پروگرام کے تحت اٹھائے گئے اقدامات نے اقتصادی اصلاحات کی راہ ہموار کی اور غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ کیا.
وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ خسارے کو کم کرنا ایک اہم مقصد ہو گا،
انہوں نے کہا کہ مہنگائی ایک سال پہلے 38 فیصد تھی، خوراک کی افراط زر 48 فیصد تک پہنچ گئی تھی، مئی میں مہنگائی 11.8 فیصد تک پہنچ گئی تھی، حکومت نے مہنگائی کو کم کرنے کے لیے انتھک محنت کی.