اردو رولڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف تمام نشستوں پر الیکشن لڑے گی اور عمران خان ان 33 نشستوں پر تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے۔
واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے 34 ارکان اور شیخ رشید کے استعفے منظور کر لیے ہیں۔ ان 34 ارکان میں سے 32 منتخب ہوئے اور 2 خواتین کی مخصوص نشست پر ایوان میں آئے۔
پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ نے ان نشستوں پر ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا تاہم اب فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ ان میں سے 33 نشستوں پر عمران خان امیدوار ہوں گے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کا بھی کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اتنی خوفزدہ ہے کہ وہ ان 35 سیٹوں پر الیکشن میں حصہ نہیں لے گی۔ عمران خان ضمنی انتخابات میں تمام نشستوں پر الیکشن لڑیں گے۔
تحریک انصاف تمام نشستوں پر الیکشن لڑے گی اور عمران خان ان تینتیس نشستوں پر تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) January 17, 2023
واضح رہے کہ اس سے قبل 16 اکتوبر 2022 کو قومی اسمبلی کی 8 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے تھے اور ان تمام نشستوں پر عمران خان خود کھڑے ہوئے تھے۔ ان 8 میں سے عمران خان 6 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہے جبکہ این اے 237 کراچی سے پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ اور این اے 157 ملتان سے پیپلز پارٹی کے علی موسیٰ گیلانی نے دو نشستیں جیتیں۔
ذرائع کے مطابق انتخابی اخراجات ظاہر نہ کرنے کے باعث عمران خان کی جیت کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔