اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)الیکشن کمیشن نے پارٹی قیادت سے ہٹانے کے معاملے میں عمران خان کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
الیکشن کمیشن میں عمران خان کو پارٹی قیادت سے ہٹانے کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر کمیشن میں پیش ہوئے۔
عمران خان کے وکیل نے کہا کہ درخواست گزار آفاق احمد پیش نہیں ہو رہے، عمران خان کے خلاف درخواست عدم پیروی پر خارج کی جائے۔
اس پر الیکشن کمیشن کے رکن کے پی اکرام اللہ نے کہا کہ آپ اپنے دلائل دیں پھر معاملہ دیکھیں گے۔
عمران خان کے وکیل نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کے خلاف کارروائی سے روک دیا ہے اور عدالت نے معاملہ فل بنچ کو بھجوا دیا ہے جس پرکہا گیا کہ لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست کی کاپی فراہم کریں۔
ممبر الیکشن کمیشن کے پی نے کہا کہ جب درخواست آتی ہے تو ہائی کورٹ پہنچ جاتے ہیں، حکم امتناعی کے بعد ہمارا کام صرف آنا، بیٹھنا اور جانا ہے، الیکشن کمیشن سوموٹو لے ایسا کوئی آپشن نہیں، درخواست گزار کو بھی دیکھنا کہ آیا اسے دلچسپی ہے یا نہیں۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے عمران خان کو کیس میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی۔