اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ مقتدر حلقوں کو یہ حقیقت تسلیم کرنی چاہیے کہ تحریک انصاف ملک کی ایک بڑی سیاسی قوت ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ فیصلہ کرنے والے سنجیدگی سے سوچیں، کیونکہ جبر سے پائیدار امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔ ہم ہر ممکن فورم پر اپنا مؤقف پیش کرتے رہیں گے۔انہوں نے الزام لگایا کہ پہلے 8 فروری کے انتخابات میں ہمارے مینڈیٹ کو سبوتاژ کیا گیا اور اب مخصوص نشستیں بھی ہم سے چھینی جا رہی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ایک بڑی جماعت ہے، اس میں مختلف خیالات رکھنے والے افراد شامل ہیں، لیکن ہمارے منتخب نمائندوں کو دھونس اور دھمکیوں کا سامنا ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کوئی نامناسب بیان نہیں دیا۔
قیدیوں کی جانب سے بھی یہی پیغام آیا ہے کہ ملکی مفاد میں بات چیت کی جائے۔ ہم پہلے دن سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں، لیکن مقتدرہ کو یہ سمجھنا ہو گا کہ کسی بڑی سیاسی جماعت کو دبانے سے استحکام نہیں آتا۔مزید کہا کہ آئینی ترامیم کے پیچھے عوام پر ظلم چھپایا جا رہا ہے۔
لیکن ایک دن سچ غالب آئے گا۔ اُن کے مطابق موجودہ حکمران جماعت کو عوامی تائید حاصل نہیں، اور وہ جعلی اکثریت کے ساتھ حکومت کر رہی ہے۔ ہمیں اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ کون ساتھ دیتا ہے یا نہیں، کیونکہ ہمارے مطالبات عوامی ہیں، اور ہم براہ راست فیصلہ سازوں سے سنجیدہ مذاکرات چاہتے ہیں۔